Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

آرمی چیف نے کور کمانڈر کو ’کراچی واقعے‘ کی تحقیقات کا حکم دے دیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ دنوں کراچی میں پیش آنے والے واقعےکی تحقیقات کے احکامات جاری کردیے۔انٹر سروسز  پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کور کمانڈر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کریں اور تمام حقائق کو سامنے لاتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ پیش کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردای نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سندھ کے گھر کا گھیراؤ کرنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹننٹ جنرل فیض حمید سے محکمانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ ہوا، میں اس پر شرمندہ ہوں اور منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قائد کے مزار پر ایک نعرہ لگانے پر تماشا کھڑا ہوگیا، عمران خان خود بھی مزار قائد جاتے تھے تو ایسے ہی نعرے لگائے جاتے تھے لیکن کسی نے ایف آئی کاٹنے کی کوشش نہیں کی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ صبح سویرے صوبے کے آئی جی کو ہراساں کرکے گرفتار کرنا، ان کی تذلیل ہے، وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا اعلان کیا، پولیس کے افسران کی عزت کا سوال بن گیا ہے اور وہ استعفے اور چھٹیوں پر جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کون لوگ تھے جنہوں نے رات 2 بجے کے بعد آئی جی کے گھر کا گھیراؤ کیا، کون دو لوگ تھے جو آئی جی کو نامعلوم مقام پر لیکر گئے۔

پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل فیض حمید واقعے کی تحقیقات کریں۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مقدمے کے معاملے پر بیرونی دباؤ کی وجہ سے آئی جی سندھ سمیت سندھ پولیس کی اعلیٰ قیادت نے احتجاجاً چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد کے تقدس کی پامالی سے متعلق کیس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے طریقہ کار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی مکمل انکوائری کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مزار قائد پر جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن یہ پہلی بار نہیں ہوا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما 2013، 2018 میں کئی بار مزار قائد کے تقدس کو پامال کر چکے ہیں، مزار قائد کے تقدس کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر پر مقدمے و گرفتاری کے معاملے پر سندھ پولیس افسران کے احتجاجاً چھٹی پر جانے کی خبر پر لیگی نائب صدر مریم نواز کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی۔  انہوں نے کہا کہ اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھے سے پتہ چل گیا ہوگا کہ ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.