Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا

قبل ازیں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کیے تھے

سوڈان اور اسرائیل نے امریکا کی مدد سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے پر اتفاق کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی  کے مطابق سینئر امریکی عہدیداران نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو اور سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک اور عبوری کونسل کے سربراہ عبدالفتح البرہان سے فون کال کے دوران معاہدے پر مہر لگائی۔

معاہدے کے حصے کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوڈان کا نام دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک کی امریکی حکومت کی فہرست سے نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے تھے۔ سینئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی رات ایئر فورس ون پر دستاویز پر دستخط کیے تاکہ کانگریس کو سوڈان کو اس فہرست سے نکالنے کے ان کے ارادے سے آگاہ کیا جاسکے۔

تینیوں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’رہنماؤں نے سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر لانے اور اپنی اقوام کے درمیان جنگ کی صورتحال ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے‘۔ سوڈان گزشتہ دو ماہ میں تیسرا عرب ملک ہے جس نے اسرائیل سے دشمنی ختم کرنے اور تعلقات معمول پر لانے کا اعلان کیا ہے۔

قبل ازیں متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کیے تھے۔

امریکا کی طرف سے معاہدے سے متعلق مذاکرات ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر و داماد جیرڈ کُشنر، نمائندہ مشرق وسطیٰ ایوی برکوویز، مشیر قومی سلامتی رابرٹ اوبرائن، سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے عہدیدار میگوئیل کوریا نے کیے۔  سوڈان اور سرائیل کے درمیان وائٹ ہاؤس میں آئندہ ہفتوں میں معاہدے پر دستخط کی تقریب کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.