Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی

ملک بھر میں 12 ربیع الاول مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ آج دن کا آغاز نماز فجر کے بعد نبی اکرم ﷺ پر درود و سلام کی محافل سے ہوا اور ملکی سلامتی و خوشحالی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

رحمۃ للعالمین ﷺ کی ولادت کی خوشی میں ملک کا قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر برقی قمقموں، سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ نبی آخر الزمان ﷺ کی تعلیمات اور زندگی پوری انسانیت کے لیے سرچشمہ ہدایت ہیں، جنہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں خصوصی محافل میلاد، تقریبات اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں عالمی رحمت اللعالمین کانفرنس کا انعقاد آج اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی مرحلے کی صدارت صدر مملکت عارف علوی جبکہ اختتامی مرحلے کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ خیال رہے کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں 31 اکتوبر سے 6 نومبر تک جشن ولادت مصطفیٰ ﷺ کے سلسلے میں ہفتہ عشق رسول ﷺ منایا جائے گا۔

حال ہی میں ملک میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوبارہ سر اٹھانے کے پیش نظر تقریبات کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.