Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سانحہ مچھ: حکومت سے مذاکرات کامیاب، شہدا کی تدفین آج ہوگی

کراچی سمیت تمام شہروں میں دھرنے ختم

بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 کان کنوں کے سفاکانہ قتل کے خلاف ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا حکومتی ٹیم سے کامیاب مذاکرات کے بعد ختم ہوگیا اور متاثرین کے لواحقین نے میتوں کی تدفین کا اعلان کردیا۔ کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر سخت سردی میں ہونے والے اس احتجاج کا اختتام رات گئے حکومتی ٹیم اور شہدا ایکشن کمیٹی کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد ہوا۔ 2 وفاقی وزرا نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ہمراہ رات گئے کوئٹہ کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جبکہ گزشتہ روز دیے گئے وزیراعظم کے بیان پر بھی وضاحت پیش کی۔ جس کے بعد شہدا ایکشن کمیٹی اور مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے نمائندوں کی جانب سے 6 روز تک جاری رہنے والے دھرنے کے ختم کرنے کا اعلان کیا گیا اور لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں دفنانے پر راضی ہوگئے۔

ساتھ ہی وفاقی کابینہ کے اراکین علی زیدی، زلفی بخالی سمیت وزیراعلیٰ جام کمال اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت ’جلد‘ کوئٹہ آنے کے لیے تیار ہیں جبکہ آپ کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔

متاثرہ خاندانوں کو یہ بھی بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہفتے کو کوئٹہ کے دورے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کوئٹہ میں لواحقین کے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد ایم ڈبلیو ایم نے ملک بھر میں جاری دھرنوں کے ختم کرنے کا اعلان بھی کردیا۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے جن مطالبات کو تسلیم کیا گیا ان میں جے آئی ٹی کا قیام، عہدیداروں کی معطلی و دیگر شامل ہے۔

اس حوالے سے سامنے آئی تفصیلات سے معلوم ہوا کہ سانحہ مچھ کی تحقیقات کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی نے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے اور اس سے کہا ہے کہ وہ مچھ کوئٹہ فیلڈ کے مزدوروں کے تحفظ میں غفلت برتنے والے متعلہ محکموں پر ذمہ داری کا تعین کرے۔

اس کے علاوہ انہوں نے کوئلہ مزدوروں کے ڈیٹا بیس کو اکٹھا کرنے اور مزدور قوانین پر عملدرآمد کا بھی حکم دیا، مزید یہ کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) ضلع کچھی کو بھی ان کے عہدے سے برطرف کردیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.