Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سبی کے قریب دھماکے میں 5 مزدور جاں بحق

 

کوئٹہ: سبی کے قریب ہونے والے ایک بم دھماکے میں 5 مزدور جاں بحق جبکہ 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔  جمعہ کی شام کو ہونے والے دھماکے سے متعلق سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا سبی سے 30 کلو میٹر دور تندوری کے علاقے میں ہوا۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والے مزدور ایک پک اپ میں سفر کر رہے تھے کہ اس وقت سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا جب ان کی گاڑی اس علاقے سے گزر رہی تھی۔ ادھر ڈپٹی کمشنر سبی سید زاہد شاہ نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکا بہت زوردار تھا۔

ایک سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ مرنے والے مزدور پانی کی پائپ لائن کے منصوبے پر کام کے لیے تندوری جارہے تھے اور ان کا تعلق پنجاب سے تھا۔ علاوہ ازیں 4 متوفیوں کی شناخت عثمان یوسف، حیدر علی، مظہر حسین اور محمد بشیر کے نام سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ ’یہ ایک امپرووائزڈ ایکسپلوزو ڈیوائس تھی جسے سبی اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے کے سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا‘۔ علاوہ ازیں کسی گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو سبی کے ہسپتال منتقل کیا۔

ڈپٹی کمشنر سید زاہد شاہ کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے 2 سیکیورٹٰی اہلکار مزدوروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ اس دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.