Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی آئی اے کا سوات تک پروازیں چلانے کا فیصلہ

راولپنڈی: سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے سوات، اسکردو اور گلگت تک پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ سوات میں موجود سیدو شریف ایئرپورٹ کو 2004 میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر غیر فعال کردیا گیا تھا، تاہم اب جلد ہی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے اسے اپ گریڈ کیے جانے کے بعد اسے فعال کردیا جائے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اس حوالے سے بتایا کہ قومی ایئرلائن کی جانب سے اگلے ماہ سے اسلام آباد سے سیدو شریف تک ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی آئی اے نے اگلے ماہ سے ہی لاہور سے اسکردو اور لاہور سے گلگت تک بھی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سی اے اے انتظامیہ کو پی آئی اے کے فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کیا گیا تھا اور جیسے ہی ایئرپورٹ پر بحالی کا کام مکمل ہوجائے گا، قومی ایئرلائن پروازوں کے شیڈول کا اعلان کردے گی۔

اس ضمن میں سی اے اے کے سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ سیدو شریف ایئرپورٹ پر کچھ تعمیراتی کام شروع کیا گیا تھا، جسے اب مکمل کرلیا گیا۔ خیال رہے کہ پاکستان بھر میں موجود 44 ایئرپورٹس میں سے 27 ایئرپورٹس مکمل طور پر فعال ہیں، جب کہ 6 ایئرپورٹس غیر فعال اور 11 ایئرپورٹس بند ہیں۔ سی اے اے کے مطابق غیر فعال ایئرپورٹس میں سرگودھا اور بنوں ایئرپورٹ بھی شامل ہیں۔

سرگودھا ایئرپورٹ پر سی اے اے کا کوئی اسٹاف تعینات نہیں ہے مگر اسے پی اے ایف بیس مشف کا اسٹاف دیکھ رہا ہے جب کہ بنوں ایئرپورٹ کو 2002 میں اس وقت غیر فعال کردیا گیا تھا جب وہاں مسافروں کی آمد و رفت انتہائی کم ہوگئی تھی۔ تاہم مذکورہ دونوں ایئرپورٹس کو فوری طور پر فعال کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔

ملک میں موجود دوسری غیر فعال ایئرپورٹس میں خضدار، مظفرآباد، بالاکوٹ، بنوں، پاراچنار اور سیدو شریف ایئرپورٹ شامل ہیں۔ بند پڑی ایئرپورٹس میں جوانی پی این، ارماڑا، سبی، منگلا، کوہاٹ، بھگتانوالا، میاںوالی، سیون شریف، میرپوخاص، تلہار اور جیکب آباد ایئرپورٹ شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.