Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پشاور: مقامی عدالت کا عورت مارچ کے منتظمین کے خلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم

پشاور کی مقامی عدالت نے شہری کی درخواست پر عورت مارچ اسلام آباد کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے ديا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عورت مارچ کے نام پر غيراسلامی حرکات کی گئیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہروں میں 8 مارچ کو خواتین نے اپنے حقوق کیلئے عورت مارچ کا انعقاد کیا تھا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے وکیل ابرار حسین نے اپنے ساتھی اسرار حسین، کاشف احمد ترکئی، صیاد حسین اور عدنان گوہر کے ساتھ مل کر پشاور کے تھانہ شرقی کینٹ میں مذکورہ مسئلے پر ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست کی تھی تاہم متعلقہ تھانے نے یہ مقدمہ درج کرنے سے معذرت کر لی تھی۔ جس کے بعد سائلین نے دفعہ 22-اے کوڈ آف کریمینل پروسیجر کے تحت عدالت میں درخواست جمع کروائی اور عدالت کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کی گزارش کی۔

پشاور کی مقامی عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عورت مارچ کے نام پر سڑکوں پر غیر اسلامی حرکات کی گئیں، جس پر مارچ کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے شہری کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ شرقی کو عورت مارچ اسلام آباد کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

ماضی میں بھی عورت مارچ میں لائے جانے والے بینرز اور پلے کارڈز پر درج نازیبا اور نامناسب نعروں پر منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.