Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

بھارت سے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت تین روپے فی لیٹر کم کی جائے گی۔

بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا چینی کی قیمت پاکستان سے کم ہونے پر بھارت سے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ بھارت میں باقی دنیا کے مقابلے  میں چینی کی قیمت کافی کم ہے۔ حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بھارت سے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپاس کی طلب بہت زیادہ ہے اس لیے بھارت سے کپاس درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بڑی معیشتوں کے لیے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا اور وہ زیادہ داموں پر بھی کپاس منگوا لیتی ہے اور پاکستان بھی ہر سال دنیا سے لاکھوں ٹن کپاس منگواتا ہے لیکن اس بار  بھارت سے کپاس برآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی وجہ وہاں قیمت کا کم ہونا ہے، جون کے آخر میں بھارت سے کپاس کی درآمد شروع ہو جائے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بڑے فیصلے کیے بغیر حکومتیں اور قومیں آگے نہیں جاتیں، ہر وقت پاپولر فیصلہ کرنا درست ثابت نہیں ہوتا، بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری کرنسی آج اپنے پاؤں پر کھڑی ہے، ہماری کرنسی اپنے زور پر کھڑی ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہم اس میں ڈالرز جھونک رہے ہیں، ہم نے اسٹیٹ بینک کو بھی خود مختار ادارہ بنا دیا ہے، اسٹیٹ بینک سے متعلق بل عالمی پریکٹسز کو مدنظر  رکھ کر لایا گیا ہے،  پارلیمان سپریم اور خودمختار ہے ، وہاں اس بل کو پیش کیا جائے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔

حفیظ شیخ کو وزارت خزانہ سے ہٹانے سے متعلق سوال پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ حفیظ شیخ کی کارکردگی اور ان کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے لیکن یہ وزیراعظم کی صوابدید ہوتی ہے کہ کسے کہاں رکھنا ہے، مجھے بھی اس سے پہلے دو مرتبہ وزارت خزانہ میں ذمہ داریاں دی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.