Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کا شو کاز نوٹس مسترد کر دیا

“شوکاز دینے والوں کی کوئی حیثیت نہیں” قمرزمان کائرہ

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کا شو کاز نوٹس مسترد کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے شرکا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے شو کاز نوٹس کو مسترد کر دیا۔

اجلاس میں بعض ارکان نے بلاول بھٹو کو شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے کی تجویز دی، شرکا نے رائے دی کہ پی ڈی ایم کی جانب سے پیپلز پارٹی کو جاری شو کاز نوٹس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق پی پی ارکان کا مؤقف تھا کہ پیپلز پارٹی کسی سیاسی جماعت کو جواب دہ نہیں ہے، پی پی کو شو کاز دینے والے اپنی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالیں، نظریہ ضرورت کی سیاست کرنے والے ہمیں نظریات نہ سکھائیں۔

اجلاس میں بعض رہنماؤں نے بلاول بھٹو کو شوکاز کا بھرپور جواب دینے کی تجویز دی، ان ارکان کا مؤقف تھا کہ پی ڈی ایم کو شو کاز کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی پی آزاد اور خود مختار جماعت ہے کسی کی ماتحت نہیں، پی پی نے پی ڈی ایم بنائی تھی اور اس کا تحفظ کرنا بھی جانتی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شوکاز دینے کا کسی کے پاس کوئی اختیار نہیں، میں اسے ردی کا کاغذ بھی نہیں سمجھتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کوئی ایک جماعت نہیں ہے شوکاز کا جواب دینا ہی نہیں بنتا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.