Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

جہانگیر ترین سے رابطے رکھنے والے پی ٹی آئی ارکان کی فہرست تیار

دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیل رہے ہیں، جہانگیر ترین کا وزیراعظم سے شکوہ

پنجاب حکومت نے جہانگیر ترین سے رابطے کرنے اور ان کی حمایت کرنے والوں کی فہرست تیار کرلی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کئی ارکان اسمبلی کے جہانگیر ترین سے رابطے ہیں اور اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب آج اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پنجاب حکومت کی فہرست وزیراعظم کو پیش کریں گے۔ ذرائع کا بتانا ہےکہ جہانگیر ترین سے رابطے رکھنے والے ارکان اسمبلی سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

دوسری جانب بینکنگ کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مجھ پر انہوں نے ایک دو نہیں 3 ایف آئی آر درج کروائی ہیں، ایک سال سے میرے خلاف شوگر کمیشن میں انکوائری چل رہی ہے۔ان کا کہنا تھا انہیں سب شوگر ملز میں صرف جہانگیر ترین نظر آیا ہے،  میرے اور بیٹے کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ایک سال سے میں چپ بیٹھا ہوں، میری وفاداری کا امتحان لیاجا رہا ہے، یہ کیا ہو رہا ہے، میں تو دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیل رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئیں، 10 سال پی ٹی آئی کے لیے خون پسینہ ایک کیا ہے، تحریک انصاف میں شامل تھا اور شامل رہوں گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.