Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پولنگ جاری ہے۔ این اے 75 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آج دوبارہ الیکشن کرایا جارہا ہے جس میں پی ٹی آئی کےعلی اسجدملہی اور (ن)لیگ کی نوشین افتخارمیں کانٹےکامقابلہ  متوقع ہے۔ حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔

حلقےمیں کل ووٹرزکی تعداد4 لاکھ 94ہزارہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ الیکشن میں سکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کےطورپرموجودرہیں گی۔

انتظامیہ نے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جس کے باعث لائسنس یا بغیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔

عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئےتھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔

خیال رہے کہ رواں سال 19 فروری کو این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے ان تمام واقعات کے بعد الیکشن کو کالعدم قرار دیا تھا تاہم پی ٹی آئی نے الیکشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے حلقے میں ری پولنگ کا کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست مسترد کردی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.