Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کتاب اورکہانی – ثاقب محمود بٹ

0 290

کتابیں ہمیں زندہ رہنے کا سلیقہ سکھاتی ہیں۔ یوں کہنا غلط نہ ہو گا کہ مطالعہ کتب ہمارے لیے سانس کی طرح ضروری اور اہم ہے۔ پیارے بچو اس بار بھی ہم آپ کے لیے تین مختلف کتب لے کر حاضر ہوئے ہیں۔ امید ہے آپ کو کتابوں کے تعارف کا یہ سلسلہ پسند آ رہا ہو گا۔ آج کی کتابوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

1۔ مُلک مُلک کی کہانیاں اور معلومات ساتھ ساتھ:
مرتب: قمر احمد علی خان
قیمت: 395 روپے

اس کتاب میں 20 مختلف ممالک کی 25 دلچسپ کہانیاں درج ہیں اورساتھ ساتھ ان ممالک کی مختصر معلومات مع تاریخ اور جغرافیہ بھی بیان کیاگیا ہے۔ کتاب میں ایسی باتیں لکھی گئی ہیں جو بچے آسانی سے یاد رکھ سکیں۔ ہر تحریر کے ساتھ اُس ملک کے بارے میں رنگین تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔ تقریباً ہر کہانی میں وہاں کے کچھ مقامی الفاظ بیان کیے گئے ہیں اس لیے ان الفاظ کے ہجے اُردو میں بھی لکھ دیئے گئے ہیں تا کہ پڑھنے میں آسانی رہے۔ کتاب کو معروف اشاعتی ادارے ’’فیروز سنز، لاہور‘‘ نے بہت اہتمام سے شائع کیا ہے۔


2۔ آسان کہانیاں:
مرتب: ڈاکٹر عبد الرؤف
قیمت: 99 روپے

تصویری خاکوں کے ساتھ شائع ہونے والی اس کتاب میں شامل کہانیاں دراصل قدیم یونانی کہانیوں ’’Aesop’s Fables‘‘ سے ماخوذ کی گئی ہیں۔ یہ کہانیاں لکھنے کا سہرا 620 ق م سے 520 ق م کے دوران قدیم یونان کے رہنے والے ”ایسوپ“ کو جاتا ہے۔ ایسوپ وہاں کا مشہور و معروف قصہ گو تھا جس کی حکایتیں اتنی مقبول ہوئیں کہ صدیوں تک زبان زد عام رہیں۔ ایسوپ نے مختلف علاقوں کا سفر کیا اور اسی سفر کے دوران دلچسپ اور سبق آموز کہانیاں لکھیں۔ ایسی کتابیں چھوٹے بچوں کی اخلاقی اور ذہنی نشونما کے لیےبہت مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس کتاب کو ”جہانگیر بُکس، لاہور“ نے شائع کیا ہے۔


3۔ ملی و اخلاقی مضامین:
مصنف: ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم
قیمت: 190روپے

پیارے بچو ہم جانتے ہیں کہ معاشرتی زندگی میں انسان کی شناخت اس کے کردار اور رویے سے ہوتی ہے۔ اچھے کردار اور رویوں کو پروان چڑھانے کے لیے اس کتاب میں 69 ملی و اخلاقی مضامین تحریر کیے گئے ہیں۔ یہ کتاب بچوں اور نوجوان نسل کی راہنمائی کے لیے کردار سازی کے اصولوں کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی جذبے سے سرشار ہو کر لکھی گئی ہے۔تقریری و تحریری مقابلوں میں حصہ لینے والے طلبہ وطالبات اس کتاب سے خاص طور پر فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ کتاب کو فروغِ کتب کے قومی ادارے ”نیشنل بُک فاؤنڈیشن، اسلام آباد“ نے شائع کیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.