Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

کراچی میں جاری احتجاج ختم، سڑکیں کھلنے سے ٹریفک معمول پر آگیا

حکومت نے قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ شيخ رشيد کا کہنا ہے کہ کسی کی بھی رہائی کا فیصلہ نہیں ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا جس میں تحریک لبیک پاکستان کے احتجاج سے متعلق غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر مذہبی امور سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے، آئی جی پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذريعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف سخت ایکشن ہوگا۔ وزيرداخلہ شيخ رشيد کا کہنا ہے کہ کسی بھی گرفتار شخص کی رہائی کا فيصلہ نہيں ہوا.

کراچی میں تین روز سے جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد بند سڑکیں کھل گئیں اور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہوگئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق بلدیہ حب ریور روڈ پر جاری احتجاج ختم ہونے کے بعد روڈ کوٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے اور شہر میں اس وقت صورتحال معمول پر آگئی ہے  اور کہیں پر بھی روڈ ٹریفک کے لیے بند نہیں ہے۔

گزشتہ روز شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جب کہ مظاہرین نے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا،کورنگی ڈھائی نمبر پر مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس ایچ او سعودآباد اور 5 اہلکار بھی زخمی ہوگئے جب کہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر جانے والے بھی کئی افراد زخمی ہوئے، مظاہرین نے متعددگاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگادی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.