Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی مالی دستاویزات دیکھنے کی اجازت دے دی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اپنی کمیٹی کو پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کی اسکروٹنی مئی کے اختتام تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ای سی پی نے یہ حکم پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر کی جانب سے اسکروٹنی کمیٹی کے حکمراں جماعت کی مالی دستاویزات خفیہ رکھنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سنایا۔

ای سی پی نے اپنے حکم میں پی ٹی آئی کے تمام اکاؤنٹس تک رسائی کے درخواست گزار کا دعویٰ دہراتے ہوئے کہا کہ کمیشن نے 30 مئی 2016 کو سنائے گئے ایک حکم کے تحت فریق(پی ٹی آئی) کی جانب سے ان کے فنڈز سے متعلق کارروائی خفیہ رکھنے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

کمیشن نے کہا تھا کہ جس ریکارڈ کی اسکروٹنی کی جارہی ہے وہ عوامی دستاویزات ہیں جس کی نقل ہر کوئی حاصل کرسکتا ہے۔ ای سی پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘ہم نے درخواست گزار کو آگاہ کیا تھا کہ آخر کار اسکروٹنی کمیٹی اپنی رپورٹ تمام ریکارڈز کے ساتھ کمیشن کو بھجوائے گی اور پھر ہمیں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنا ہوگا’۔

کمیشن نے کہا کہ جب معاملہ ہمارے پاس آئے گا اس وقت تمام فریقین دستاویزات کا مطالعہ یا اس کی نقول حاصل کرسکتے ہیں۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ اسکروٹنی کمیٹی کے سامنے زیر التوا معاملے میں مزید تاخیر سے بچنے اور درخواست گزار کو ریکارڈ کی نقل فراہم کرنے کا معاملہ حل کرنے کے لیے کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ:

1) اسکروٹنی کمیٹی کو دونوں فریقین کو صبح 10 سے دوپہر 3 بجے تک جمع کروائے گئی دستاویزات کا معائنہ/مطالعہ کرنے کے لیے تک 8 روز کی مہلت دینے کی ہدایت دی جاتی ہے۔

2) دونوں فریقین کو 2 دستاویزات کے مطالعے کے لیے 2 تکنیکی ماہرین مثلاً چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ/ مالیاتی ماہر کی مدد حاصل کرنے کی اجازت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.