Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک لبیک پرپابندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایمل ولی خان

دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ ہم پرامن ، انتہاپسندی کے خلاف ایک سیکولر ملک ہیں

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان  نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کے حکومتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں ایمل ولی خان کا کہنا تھاکہ تحریک لبیک پر پابندی کا مذہبی، نظریاتی اور انسانی بنیادوں پرخیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان میں انتہاپسند قوتوں کو ملک کے مستقبل سےکھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کو اپنی ضروریات، مقاصد یا اقتدار کے حصول کیلئے استعمال کرنا ملکی سالمیت کیلئے نقصان دہ ہے، گزشتہ دو روز میں پولیس ، عوام، نجی و سرکاری املاک کے ساتھ جو کچھ ہوا قابل مذمت ہے۔

ایمل ولی کا کہنا تھاکہ مذہب کو کارڈ کے طور پر استعمال کرنے والوں کے خلاف اسی طرح سنجیدگی سے کارروائیاں ہوتی رہیں تو پاکستان جلد گرے لسٹ سے نکل جائے گا، اگر ایسے معاملات سے سنجیدگی کے ساتھ نمٹا جاتا تو دنیا میں پاکستان کی بدنامی نہ ہوتی۔

اے این پی کے صوبائی صدر کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی قانون، آئین اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی لہٰذا قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ دنیا کو پیغام دینا ہوگا کہ ہم پرامن ، انتہاپسندی کے خلاف ایک سیکولر ملک ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.