Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی

فرانسیسی سفارتخانے کا اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو پاکستان چھوڑنے کا مشورہ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی لگانے کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی کی سفارش کی تھی جس کی سمری وزارت داخلہ نے وزیراعظم کو ارسال کی تھی۔

ذرائع کے مطابق تحریک لبیک پر پابندی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لی گئی ہے اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے ڈیکلیریشن پرکام شروع کردیا گیا ہے اور وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیریشن سپریم کورٹ میں پیش کرے گی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔  وزارت داخلہ نے سمری انسداد دہشتگردی ایکٹ کے رول 11 بی کے تحت تیار کی، انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق 11 بی وفاقی حکومت کو کسی تنظیم کو کالعدم قرار دینے کا اختیار دیتی ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی سفارت خانے نے تمام فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر پاکستان چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ فرانسیسی سفارت خانے کی جانب سے یہ پیش رفت گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں جاری پُر تشدد مظاہروں کے بعد سامنے آئی جس نے ملک کے بڑے حصے کو مفلوج کر رکھا تھا۔ فرانسیسی شہریوں کو ارسال کردہ ای میل میں سفارت خانے نے کہا کہ ‘پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو لاحق سنگین خطرات کے باعث فرانسیسی شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا جاتا ہے’۔

فرانسیسی سفارت خانے میں پریس اتاشی ویرونک وینگر نے اس بات کی تصدیق کی کہ ‘ہم نے احتیاطی طور پر پاکستان میں موجود اپنے تمام شہریوں کو اگر ممکن ہو تو ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے’۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ احتجاجی مظاہروں نے فرانسیسی شہریوں کے لیے سیکیورٹی کے سنگین خطرات پیدا کردیے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارا سفارتخانہ ابھی بند نہیں ہوا لیکن محدود عملے کے ساتھ کام کررہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.