Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

عورت مارچ منتظمین کیخلاف پشاور میں ایف آئی آر درج

 

مقامی عدالت کے حکم پر پشاور کے تھانہ شرقی میں عورت مارچ منتظمین کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ عورت مارچ منتظمین کیخلاف مقدمہ پشاور کے رہائشی ابرار حسین ایڈووکیٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے وکیل ابرار حسین ایڈووکیٹ نے 8 مارچ 2021ء کو اسلام آباد عورت مارچ کے منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی، جس پر مقامی عدالت نے پولیس کو ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دیا تھا۔

پشاور کے تھانہ شرقی میں درج ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 اے اور سی شامل کی گئی ہیں، جو توہین مذہب سے متعلق ہیں۔ الزام ثابت ہونے پر ان دفعات کے تحت ملزم کو سزائے موت، عمر قید اور جرمانے کی سزائیں بیک وقت اور الگ الگ دی جاسکتی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں عورت مارچ کے نام پر غیراسلامی، غیراخلاقی حرکات کی گئیں جس سے درخواست گزار سمیت مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی لہٰذا عورت مارچ منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے.

مقامی عدالت نے 26 مارچ کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عورت مارچ منتظمین کیخلاف توہین مذہب کے الزام میں تھانہ شرقی کے ایس ایچ او کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود ایف آئی آر درج نہ کرنے پر 30 مارچ کو درخواست گزار نے ایس ایچ او تھانہ شرقی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی، جس پر 31 مارچ کو مقامی عدالت نے تھانہ شرقی کے ایس ایچ او کو طلب بھی کیا تھا۔ مقامی عدالت کے حکم پر آج جمعرات 15 اپریل 2021ء کو تھانہ شرقی میں عورت مارچ منتظمین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.