Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی: حلقہ این اے-249 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

قومی اسبملی کے حلقہ این اے- 249،کراچی غربی میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔  حلقے میں 276 پولنگ اسٹیشنز میں 796 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ حلقہ این اے-249 کراچی غربی سال 2018 میں این اے-239 اور این اے-240 میں شامل کچھ علاقوں کو ملا کر تشکیل دیا گیا تھا۔

مذکورہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نو منتخب سینیٹر فیصل واڈا کی جانب سے مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخاب میں حصہ لینے کے لیے مستعفی ہوجانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ فیصل واڈا نے 2018 کے عام انتخابات میں کراچی غربی ٹو کے حلقہ این اے-249 سے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو محض 718 ووٹوں سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں میں پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ اور سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے نمایاں امیدواروں میں مسلم لیگ (ن) کے مفتاح اسمٰعیل، پی ٹی آئی کے امجد آفریدی، پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل، ایم کیو ایم پاکستان کے محمد مرسلین اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے احمد کمالوی شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.