Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

لاہور : جوہر ٹاؤن میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق ، 24 زخمی

لاہور: جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 24 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں خواتین سمیت دو بچے بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور24 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کے 6زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، زخمیوں میں جوہر ٹاؤن میں سیکیورٹی پرمامور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے سے ارد گرد کی عمارتوں کےشیشے ٹوٹ گئے، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور دھماکے کے زخمیوں کوجناح اسپتال منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ آیا دھماکا کسی ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا یا پھر یہ گیس پائپ لائن کا دھماکا تھا تاہم سکیورٹی فورسز  اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

جوہر ٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا ہے کہ ایک آدمی موٹر سائیکل کھڑی کر کےگیا،پھر موٹر سائیکل دھماکےسے پھٹ گئی جبکہ اس قسم کی اطلاعات بھی ہیں کہ دھماکا خیز مواد ایک رکشے میں رکھا گیا تھا۔

 سی سی پی او لاہور سے دھماکےکی رپورٹ طلب

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ دھماکےکی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے، شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رکھا جائے،امدادی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے دھماکےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے فوری طور پرامدادی کارروائیاں عمل میں لانے کی ہدایت کردی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.