Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، کیپٹن اورایک جوان شہید

پسنی: سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، سیکیورٹی فورسزکی گاڑی کو دہشت گردوں نے پسنی کے علاقے خدا بخش بازار میں نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں کیپٹن عفان مسعود اور سپاہی بابر زمان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کامحاصرہ کرکے دہشت گردوں کی تلاش آپریشن شروع کردی ، ایسے بزدلانہ واقعات سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ملک دشمن ایجنسیز،عناصرکوبلوچستان کاامن سبوتاژکرنےنہیں دیں گے، سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر ملک کیخلاف سازشیں ناکام بنادیں گی۔

یاد رہے دو روز قبل سیکیورٹی فورسز کے ضلع کرم کے علاقے زاوا میں آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 25 سالہ کیپٹن باسط اور سپاہی حضرت بلال شہید ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں کارروائی کر کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہوگیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.