Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

اسلام آباد: افغان سفیر کو سفارتی عملے سمیت واپس بلا لیا گیا

افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا، یہ عالمی سازش اور را کا ایجنڈا ہے، شیخ رشید

افغانستان نے پاکستان میں موجود افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کو سفارتی عملے سمیت واپس بلا لیا۔ افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک ٹویٹ کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل اور سینئر سفارتی عملے کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر واپس بلا لیا گیا ہے، افغانستان کا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا جس میں اس واقعے اور اس کے دیگر عوامل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کی جانب سے پاکستان سے اپنے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو واپس بلانے کے فیصلے کو بدقسمتی اور افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ سفیر کی بیٹی کے اغوا اور حملے کی اطلاع پر وزیر اعظم کی ہدایت پر اعلی سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ سفیر، ان کے اہل خانہ اور افغان قونصل خانے کے دیگر عملے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ نے آج افغانستان کے سفیر سے ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے تمام اقدامات پر روشنی ڈالی اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ترجمان نے کہا کہ ہم حکومتِ افغانستان کی جانب سے اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کی امید رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی پر مبینہ تشدد اور اغوا کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا واقعہ 16 تاریخ کو پیش آیا، جس کے بعد وزیراعظم نے کیس کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لڑکی کے بیان پر تھانہ کوہسار میں اغوا کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ میں 365، 354 اور دیگر دفعات لگائی گئی ہیں، امید ہے کہ ملزمان کو ایک دو دن میں گرفتار کر لیا جائے گا۔

 وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان حکومت کی جانب سے اپنے سفیر کو اچانک واپس بلالینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے اپنا سفیر اچانک بلالینے پر تشویش ہوئی،افغانستان کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے، افغان سفیر یہاں رہیں اور تحقیقات میں تعاون کریں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ یہ عالمی سازش اور را کا ایجنڈا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے پہلےکہا کہ موبائل فون لے گئے پھر فون دے دیا لیکن ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھی ہے جس میں 2 نہیں تین ٹیکسیاں تھیں، لڑکی نے دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی لیکن گھر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ تین سی سی ٹی وی ویڈیو ہیں چوتھی ویڈیو کی تلاش ہے، لڑکی گھر سے پیدل نکلی کھڈا مارکیٹ سے آکر ٹیکسی لی، ویڈیو ہے جس کے مطابق لڑکی کھڈامارکیٹ سے ٹیکسی میں دامن کوہ گئی اور ویڈیوکے مطابق لڑکی دامن کوہ سےراولپنڈی گئی جہاں سے لڑکی نےتیسری ٹیکسی لی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ہمارے پاس سارے ٹیکسی ڈرائیور کے مالکان ہیں، ہم اور فوٹیج حاصل کر رہے ہیں کہ لڑکی گکھڑ پلازاکے سامنے کھڑی ہے، لڑکی راولپنڈی سے دامن کوہ گئی، راستے میں گھرآتاتھا وہاں اترسکتی تھی، دامن کوہ سے ایف نائن پارک گئی، ایف نائن پارک میں لڑکی نے چار ٹیکسیاں انگیج کیں، لڑکی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ ان کے کہنے پر پرچہ کاٹاہے۔

ان کا کہنا تھاکہ لڑکی اب مان ہی نہیں رہی کہ راولپنڈی گئی تھی، لڑکی آن لائن ٹیکسی میں نہیں گئی سادی ٹیکسی میں گئی، راولپنڈی گکھڑ پلازا سے آگے کی فوٹیج نہیں مل رہی جبکہ دامن کوہ سے لڑکی نے انٹرنیٹ بھی استعمال کیا۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ چوتھی گاڑی کی تلاش ہےایف نائن کس گاڑی میں آئی اورکس کےساتھ آئی؟ انہیں علم نہیں تھاکہ ہمارے پاس ویڈیو ہے اور اب یہ انویسٹی گیشن سے بھاگ جائیں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ یہ حساس معاملہ ہے اور بھارت دنیا میں پاکستان کو بدنام کر رہاہے، یہ انٹرنیشنل ریکٹ ہے اور را کا ایجنڈا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.