Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایک بار پھر پابندیاں نافذ کردیں

سندھ حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایک بار پھر پابندیاں نافذ کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں پیر سے شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ہفتے میں دو دن مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی جس کے لیے جمعہ اور اتوار کو محفوظ دن قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے،  کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی جب کہ صوبے بھر میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ریسٹورینٹس پیر سے انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں بند ہوں گے اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں پیر سے تعلیمی ادارے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم سندھ میں امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے جب کہ  سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.