صوابی پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک سال سے محبوس خاتون کو بازیاب کرایا ہے۔ صوابی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں خفیہ طور پر اطلاع ملی کہ چار بھائیوں نے اپنی مطلقہ بہن کو نوکری سے روکنے کیلئے گھر کے کمرے میں زنجیروں سے باندھا ہوا ہے جس پر پولیس ٹیم نے چھاپہ مار کر اسے بازیاب کرایا۔

ضلع صوابی کے ڈی ایس پی بشیر یوسفزئی نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی کہ دیہہ درہ کے علاقے میں گھر کے اندر ایک خاتون زنجیروں سے بندھی ہوئی ہے جس پر انہوں نے ایس ایچ او کو ہدایات دیں کہ اپنے ساتھ لیڈیز پولیس لے کر واقعے کی تحقیقات کریں۔

ڈی ایس پی بشیر کے مطابق خاتون کے بھائیوں سائر خان، فہیم خان اور ندیم خان ساکنان درہ گرفتار کئے گئے جبکہ چوتھا موقع سے بھاگ گیا جس کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس افسر یوسفزئی نے خاتون بارے بتاتے ہوئے کہا ‘وہ مطلقہ ہے اور اس کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے جن کے لئے وہ نوکری کرنا چاہتی تھی مگر بھائیوں کو اس کی کمائی کا عمل ناگوار گزر رہا تھا اس لئے اسے گھر کے کمرے میں باندھ دیا تھا۔’

پولیس کا کہنا کہ خاتون کو ضلع مردان کے دارلامان میں لے جایا گیا ہے اور اُس سے مزید تحقیقات کیلئے عدالت کو کسٹڈی کیلئے درخواست دی جائی گی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کے خلاف دفعہ 506 (دھمکیاں دینا)، 342 (حبس بے جا میں رکھنا)، 354 (عفت میں خلل ڈالنا) اور 34 (ایک سے زیادہ ملزمان) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جنہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔