Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان میں فورسز پر حملے، 4 اہلکار شہید، 6 زخمی

بلوچستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور بم حملے میں افسر سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق بلوچستان کے ضلع زیارت میں مانگی ڈیم کے قریب نامعلوم شدت پسندوں نے 4 مزدوروں کو اغواء کرلیا، اطلاع ملنے پر لیویز فورس کی ٹیم تعاقب میں روانہ ہوئی تو کچے راستے میں دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ کے دھماکے میں رسالدار میجر محمد زمان، نائب رسالدار مدثر خان اور سپاہی زین اللہ موقع پر شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسرا واقعہ پنجگور میں پیش آیا، جہاں تحصیل گوارگو کے علاقے بالگتر میں ایف سی کی پیٹرولنگ پارٹی پر بم حملہ ہوا، جس میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق بالگتر میں ہی ایک اور واقعے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایف سی چوکی پر فائرنگ کی، جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مانگی ڈیم میں دھماکے میں لیویز جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے، بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے لیویز فورس سمیت تمام فورسز کے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.