Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

افغانستان میں داعش کی کمر توڑ دی, امریکی صدر

افغانستان میں حکومت سازی سے متعلق اہم فیصلے کرلیے گئے، طالبان ترجمان

 امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا کی طویل ترین افغان جنگ کا خاتمہ ہوگیا، افغانستان میں داعش کی کمر توڑ دی لیکن افغانستان میں‌ دہشت گردوں‌ کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں، شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا، 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، کابل کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔

امریکی صدر نے کہا کہ 17 دن پہلے جب انخلا کا فیصلہ کیا تو حالات کا باریکی سے جائزہ لیا، داعش کے حملے میں ہلاک 13 امریکی فوجیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، امریکی افواج کی افغانستان میں قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی فوج نے خطرناک مشن احسن طریقے سے پورا کیا، سلامتی کونسل نے بھی طالبان کو وعدے پورے کرنے کی تاکید کی، طالبان نے خود انخلا کے لیے محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کیا تھا، افغانستان سے جو بھی جانا چاہے اسے اجازت ہو طالبان وعدہ پورا کریں، طالبان کے بیانات پر یقین نہیں ان کے عمل کو دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی شہری 100 سے 200 اب بھی افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں، جو امریکی شہری افغانستان سے نکلنا چاہیں گے ان کی مدد کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اندازہ نہیں تھا اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوجائے گا، افغانستان سے انخلا کے فیصلے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، افغانستان سے انخلا کا فیصلہ سول اور عسکری قیادت نے مشترکہ کیا تھا۔

دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سپریم کونسل کا 3 روزہ  اجلاس طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی زیر صدارت قندھار میں ہوا جبکہ یہ اجلاس ہفتے کے روز سے پیر تک جاری رہا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نئی اسلامی حکومت اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.