Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

قومی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی رحیم اللہ یوسفزئی انتقال کرگئے

چیف ایگزیکٹو اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک کامران حامد راجہ کا اظہار افسوس

قومی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی و ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسفزئی انتقال کرگئے۔  رحیم اللہ یوسفزئی کے اہلخانہ کے مطابق مرحوم طویل عرصے سے علیل تھے، ان کی نمازجنازہ دن 11 بجے مردان کاٹلنگ انذرگئی نزد سوات ایکسپریس وے کاٹلنگ انٹرچینج کے قریب خان ضمیر بانڈہ میں ادا کی گی۔

رحیم اللہ یوسفزئی 10 ستمبر 1954 کو پیدا ہوئے، انہیں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے انٹرویو کی وجہ سے کافی شہرت ملی۔ رحیم اللہ یوسفزئی ان چند صحافیوں میں سے ہیں جنہوں نے طالبان کے کارروائیوں کو رپورٹ کیا اور 1995 میں خود قندھار گئے۔

وہ اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک سے بھی وابستہ رہے۔ رحیم اللہ یوسفزئی افغانستان اور شمال مغربی پاکستان کے امور کے ماہر سمجھے جاتے تھے۔ مرحوم کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں 2004 میں تمغہ امتیاز اور 2009 میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

اپنی ایک ٹویٹ میں چیف اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک کامران حامد راجہ نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے صبر کے لیے دعا کی۔

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی سینئر صحافی رحیم اللہ  یوسفزئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار  کیا ہے ۔ عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘رحیم اللہ یوسفزئی کی وفات کا سن کر نہایت افسردہ ہوں، ان کا شمار پاکستان کے قابلِ احترام صحافیوں میں ہوتا تھا، وہ ایک رائے ساز تھے کہ ان کی تحریریں بھرپورتحقیق پر مبنی ہوا کرتیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں’۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.