Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

اسلام آباد:  ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سپرد خاک کردیا گیا۔  ڈاکٹرعبدالقدیرخان کواسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں  پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا ، جسد خاکی کی تدفین سے قبل گارڈ آف آنرز پیش کیا گیا، مسلح افواج و پولیس کے دستوں نے سلامی پیش کی۔

 

اس سے قبل ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خواہش کے مطابق ان کی نماز جنازہ اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ پروفیسر ڈاکٹر محمد الغزالی نے پڑھائی ، ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، نماز جنازہ کے دوران بارش بھی ہوتی رہی۔ نمازِ جنازہ میں قائم مقام صدر سینیٹر صادق سنجرانی اور وفاقی وزراء سمیت سیاسی و عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان  کافی عرصے سے علیل تھے۔ اتوار کی علی الصبح ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جاں بر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

حالات زندگی

پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے اور اس کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتہائی اہم کردار تھا۔ مئی 1998 میں پاکستان نے بھارتی ایٹم بم کے تجربے کے بعد کامیاب تجربہ کیا۔ بلوچستان کے شہر چاغی کے پہاڑوں میں ہونے والے اس تجربے کی نگرانی ڈاکٹر قدیر خان نے ہی کی تھی۔ انہوں نے 150 سے زائد سائنسی تحقیقاتی مضامین بھی لکھے۔

یکم اپریل 1936 کو موجودہ بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبد القدیر خان قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے تھے اور انہوں نے کراچی میں سکونت اختیار کرلی تھی، انہوں نے 1960 میں کراچی یونیورسٹی سے میٹالرجی  میں ڈگری حاصل کی، بعد ازاں وہ مزید تعلیم کے لیے یورپ چلے گئے، انہوں نے جرمنی اور ہالینڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے ہالینڈ سے ماسٹرز آف سائنس جبکہ بیلجیئم سے ڈاکٹریٹ آف انجینئرنگ کی اسناد حاصل کیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرعبدالقدیر خان نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانےمیں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر عبدالقدیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر نے بڑے جوہری ملک کی جارحیت سے ملک کو محفوظ بنایا، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی ہیرو تھے، پاکستانی عوام کے لیے وہ ایک قومی مثال تھے، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے پر پوری قوم ان سے محبت کرتی ہے.

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.