Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

عید میلاد النبیؐ پر ملک بھر میں چراغاں اور درود و سلام کی صدائیں

اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک کے تمام چینلزپر عید میلاد النبی کی مناسبت سے خصوصی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں

پاکستان میں آج عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے, ملک کی سرکاری و نجی عمارتوں، مساجد اور گلیوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ اے وی ٹی چینلز نیٹ ورک کے تمام چینلزپر عید میلاد النبی کی مناسبت سے خصوصی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔

عید میلاد النبی ﷺ کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا، جس کا مقصد حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر مساجد میں امن، ترقی خوشحالی اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں 2 روزہ رحمۃ للعالمین کانفرنس کے دوسرے روز ابتدائی سیشن سے صدر ڈاکٹرعارف علوی اور اختتامی سیشن سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

وزیراعظم نیشنل ہائیوے اینڈ موٹر وے پولیس کے عید میلاد النبیؐ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، عمران خان نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک بھر میں بے مثال انداز میں جشن عید میلادالنبیؐ کا اہتمام کرے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ کی تمام بڑی مساجد اور سرکاری و نجی عمارتیں برقی قمقموں سے سجای گئی ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تمام بڑی شاہراہوں کو بھی روشنیوں سے سجایا ہے۔

یوم ولادت رسولؐ کے موقع پر بدھ کو تمام شہروں و قصبوں میں ریلیوں، جلوسوں اور جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس کیلئے مختلف شاہراہوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ علمائے کرام کا کہنا ہے کہ جشن ولادت منانے کے ساتھ ساتھ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.