Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج

محکمہ داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا

لاہور(نمائندہ خصوصی) حکومت پنجاب نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے سربراہ علامہ سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کردیا، اس حوالے سے محکمہ داخلہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سعد رضوی کے علاوہ ٹی ایل پی کے مزید 487افراد کے نام بھی فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کئے گئے ہیں، اور اب تک 577افراد کے نام فورتھ شیڈول کی فہرست سے نکالے جاچکے ہیں، یہ تمام نام متعلقہ اضلاع کی پولیس رپورٹس پر ایکشن لیتے ہوئے فورتھ شیڈول کی فہرست سے خارج کئے گئے ہیں، اور اس کے بعد فورتھ شیڈول کی فہرست کو اپ ڈیٹ بھی کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رائے طلب کی تھی، جس پر پنجاب کابینہ کو تھرو سرکولیشن سمری پر منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب کابینہ کے 18 مطلوبہ وزرا نے ٹی ایل پی پر عائد پابندی ہٹانے کی سفارش کردی تھی،جب کہ پنجاب حکومت نے کالعدم تنظیم کے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے ہیں، 2100 سے زائد گرفتار افراد کو رہا کردیا گیا ہے اور وزارت داخلہ نے تحریک لبیک کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا، جس کے بعد ٹی ایل پی آزادانہ طور پر ہر قسم کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.