Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کو سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست

سیمی فائنل سے قبل محمد رضوان کے ’آئی سی یو‘ میں رہنے کا انکشاف

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایونٹ کے ناک آؤٹ میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ڈاکٹر نجیب نے بتایا کہ ’محمد رضوان کو 9 نومبر کو سینے میں شدید انفیکشن ہوگیا تھا، جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’محمد رضوان نے دو راتیں ہسپتال میں گزاریں جس دوران ان کی صحت میں بہت بہتری آئی اور انہیں میچ سے قبل فِٹ قرار دیا گیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ان کا عزم دیکھ سکتے ہیں جو انہوں نے ٹیم کے لیے پرفارم کرنے کے لیے ظاہر کیا اور ہم نے دیکھا کہ آج کے میچ میں انہوں نے کیسی کارکردگی دکھائی‘۔ ڈاکٹر نجیب نے کہا کہ ’محمد رضوان کی صحت سے متعلق ٹیم منیجمنٹ نے اس لیے کسی کو آگاہ نہیں کیا تاکہ ٹیم کا مورال نہ گرے‘۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ قومی ٹیم کے دو کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان فلو میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان کی آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی تھی۔

محمد رضوان نے طبیعت بہتر نہ ہونے کے باوجود آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 52 گیندوں پر 67 رنز اسکور کیے۔ میچ کے دوران ایک موقع پر آسٹریلوی باؤلر مچل اسٹارک کی تیز گیند ان کے ہیلمٹ پر بھی لگی جس کے بعد ان کی دائیں آنکھ کے نیچے سوجن نظر آئی، لیکن محمد رضوان نے ہمت نہ ہاری اور عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ تاہم  ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔  دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 177 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میتھیو ویڈ نے 41 اور اسٹونس نے 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر 49 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

مچل مارش 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسٹیو اسمتھ 5 اور گلین میکسویل 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شاداب خان کی چار وکٹیں بھی پاکستان کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکیں، شاہین شاہ آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے. قبل ازیں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 177 رنز کا ہدف دیا تھا۔

محمد رضوان نے 52 گیندوں پر 67 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 بلند و بالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے، رضوان کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ کپتان بابر اعظم 39 رنز بنا کر ایڈم زمپا کو وکٹ دے بیٹھے، جارح مزاج بیٹر آصف علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کا نشانہ بنے، فخر زمان 55 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں، پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ‏ایرون فنچ نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ گرین شرٹس نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور ٹیم انہی کھلاڑیوں ‏پر مشتمل ہے جو ایونٹ کے آغاز سے ترتیب دی گئی تھی۔ کپتان نے کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اب تک کوئی تبدیلی نہیں کی اور اسی تسلسل کو سیمی ‏فائنل میں بھی برقرار رکھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.