Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کی جانب سے آگاہی مہم کے سلسلے میں پاک سکول اینڈ کالج پارہوتی مردان میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا

مردان (واجد ہوتی ) واٹر اینڈ سینیٹشن سروسز کمپنی مردان کی جانب سے آگاہی مہم کے سلسلے میں پاک سکول اینڈ کالج پارہوتی مردان میں آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء کو صاف پانی کے ضیاع کو روکنے،کچرے کونہروں اور دریاؤں میں نہ پھینکنے اور کچرے کو کنٹینرز میں ڈالنے جبکہ ڈینگی،خسرہ،روبیلا اور کورونا وائر س سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔اس موقع پر کمپنی کے اسسٹنٹ منیجر کسٹمر ریلیشنز راحت اللہ،سکول کے پرنسپل محمد الیاس نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مردان شہر کو صفائی کے حوالے سے ماڈل شہر بنانے میں طلباء کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ مردان شہر کی صفائی کے لئے کمپنی نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں لیکن شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینی چاہیئے۔راحت اللہ نے کہاکہ مردان شہر میں ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے سپرے کا سلسلہ جاری ہے اورشہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیئے۔انہوں نے طلباء کو بتایا کہ معاشرے کو بیماریوں سے پاک کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کر دار ادا کرنا چاہیئے۔ ڈینگی،خسرہ،روبیلا اور کورونا وائرس کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ہمیں چاہیئے کہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں،گھر میں کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اورحکومت کی جانب سے جاری کر دہ ایس او پیز پر عمل کریں۔سکول کے پرنسپل محمد الیاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں حقیقی معنوں میں تبدیلی لانے کے لئے طلباء کو آگے آنا چاہیئے۔انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تغیرات سے نمٹنے کے لئے طلباء کو شجرکاری مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.