Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس بند ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا

شیل اور پی ایس او کا پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان

کراچی: ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم پمپس بند ہونے کے باعث عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ جن شہروں میں چند ایک پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہاں لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ وفاقی حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کا فی لیٹر منافع مزید بڑھانے پر  ابتدائی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبات نہ مانے جانے کے خلاف ملک بھر میں ہڑتال کی جا رہی ہے اور کراچی سے لیکر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک سوائے چند ایک پیٹرول پمپس کے تمام بند پڑے ہیں۔

تاہم اب ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول پمپس مالکان کا منافع مزید بڑھانے پر ابتدائی رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 85 پیسے کے بجائے 1 روپے منافع بڑھانے کی پیشکش کی گئی ہے جبکہ ڈیزل پر 60 پیسے کے بجائے 70 پیسے منافع بڑھانے کی آفر بھی کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس مالکان کی جانب سے منافع مزید بڑھانے اور فوری واضح نوٹیفکیشن جاری کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل اور پیٹرولیم کمپنی شیل نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے اپنے پیٹرول پمپس کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔  پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئےکہا ہے کہ ’ ملک بھر میں ہمارے وہ تمام پیٹرول پمپ جو کمپنی کے زیر ملکیت اور زیر انتظام ہیں، بدستور کھلے رہیں گے اور معمول کے مطابق کام کریں گے۔‘

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان

اسی ضمن میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔ صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ آئل ٹینکرز کی لاتعلقی سے 80 فیصد پیٹرول پمپ کھلیں رہیں گے جن میں تمام سرکاری، ملٹی نیشنل کمپینز کے پمپس شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.