Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس اہم مرحلے میں داخل، اسکروٹنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کروادی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی اسکروٹنی کمیٹی نے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فنڈز کی آڈٹ رپورٹ جمع کروادی۔ کمیٹی مارچ 2019 میں پی ٹی آئی کے فنڈز کے آڈٹ کے لیے تشکیل دی گئی تھی جس نے ڈیڈ لائن بھی ختم ہونے کے 6 ماہ بعد اپنی رپورٹ جمع کروائی۔

الیکشن کمیشن کے رکن سندھ شاہ محمود جتوئی کا منگل کے روز (آج) جبکہ رکن بلوچستان کا بدھ کو واپس آنے کا امکان ہے۔ پی ٹی آئی کے خلاف فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 میں پارٹی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دائر کیا تھا جو اس وقت سے اب تک زیر التوا ہے۔

اپنی درخواست میں اکبر ایس بابر نے حکمران جماعت کے اکاؤنٹس میں سنگین مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا جس میں غیر قانونی ذرائع سے فنڈنگ، ملک اور بیرونِ ملک بینک اکاؤنٹس چھپانا، منی لانڈرنگ اور مشرق وسطیٰ سے غیر قانونی عطیات لینے کے لیے فرنٹ کے طور پر پارٹی ملازمین کو نجی بینک اکاؤنٹس سے تنخواہوں کی ادائیگی شامل ہے۔

ای سی پی نے گزشتہ سال ستمبر میں غیر ملکی فنڈنگ کیس سے متعلق اپنی اسکروٹنی کمیٹی کی ’ادھوری‘ رپورٹ کو رد کر دیا تھا اور حکم نامے میں کہا تھا کہ رپورٹ مکمل اور جامع نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ’اسکروٹنی کمیٹی نے نے دونوں فریقین کی فراہم کردہ دستاویزات اور اسٹیٹ بینک سے حاصل کیے گئے اعداد و شمار کی بنیاد پر ریکارڈ کا جائزہ نہیں لیا اور نہ ہی دستاویزات سے ملنے والے شواہد کا معائنہ کیا گیا جبکہ کوئی ٹھوس رائے قائم کرنے میں بھی ناکام رہی‘۔

کمیٹی کی سرزنش کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ دونوں فریقین کی جانب سے جمع کروائی گئی ہر ایک دستاویزات کی صداقت، معتبر ہونے اور ساکھ کی جانچ جانچ کرنا کمیٹی کا فرض اور ذمہ داری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.