Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام، ملازمین کے تشدد سے سری لنکن فیکٹری منیجر ہلاک

سری لنکن منیجر کو قتل کرنے والوں کا عمل غیر اسلامی ہے، طاہر اشرفی

سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر  فیکٹری ملازمین کےتشدد سے ہلاک ہوگیا۔ مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ  پھوڑ بھی کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر سعید ملک کا کہنا ہے کہ غیر ملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ڈی پی او عمر سعید ملک کے مطابق یہ واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا جہاں نجی فیکٹری کے منیجر کو ملازمین نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہناہے کہ ملازمین نے وزیر آباد روڈ پر واقع فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر ٹریفک بلاک کردی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔

پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مظاہرین نے وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی ہے۔ ڈی پی او کا بتانا ہےکہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

پاکستان علما کونسل کے سربراہ و وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی  نے سیالکوٹ میں توہین مذہب کے الزام میں سری لنکن منیجر کے قتل کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ میں توہین مذہب کے الزام میں غیرملکی منیجرکاقتل افسوسناک اورقابل مذمت ہے اور پاکستان علما کونسل سری لنکن منیجرکے قتل کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مجرمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.