Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلدیاتی الیکشن میں شکست: وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے پی کو طلب کرلیا

پشاور: خیبرپختون خوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جب کہ وزیراعظم نے کے پی کے وزیراعلیٰ محمود خان کو طلب کرلیا۔   وزیراعلی محمود خان  کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی شکست کی وجوہات پر رپورٹ  تیار کرلی گئی ہے۔ جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کی شکست کی بنیادی وجہ مہنگائی کے علاوہ بڑے اندرونی اختلافات تھے، بعض ارکان اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو سپورٹ نہیں کیا گیا۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعلی محمود خان کی قریبی صوبائی وزراء سے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو سپورٹ کرنے پر دو ارکان قومی اسمبلی اور چار ارکان صوبائی اسمبلی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کو طلب کرلیا ہے، وزیراعلیٰ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر وزیراعظم کو بریف کریں گے، ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا جائے گا، وزیراعظم اگلے مرحلے کی حکمت عملی کے لیے گائیڈ لائنز دیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.