Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ تک مؤخر

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو دو ماہ سے زائد عرصے تک کے لیے مؤخر کر دیا اور نئی تاریخ 27 مارچ مقرر کی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جس کے دوران خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹری بینچ کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے ای سی پی سے درخواست کی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دسمبر 2021 میں اور دوسرا مرحلہ مئی 2022 میں کرایا جائے۔ تاہم سی ای سی نے یاد دلایا کہ صوبائی حکومت نے اتفاق کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ رمضان سے پہلے کرایا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چونکہ رمضان کا مہینہ 3 یا 4 اپریل سے شروع ہوگا لہٰذا اگر مئی میں انتخابات ہوئے تو بہت دیر ہو جائے گی، جس پر سیکریٹری نے کمیشن سے مارچ 2022 کے آخر تک بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی۔

الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس مہینے کا آخری اتوار 27 مارچ کو آئے گا اور انتخابی عمل کے لیے نئی تاریخ یہی مقرر کردی۔ قبل ازیں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 16 جنوری کو ہونا تھا تاہم خیبر پختونخوا کی حکومت نے خراب موسم اور برف باری کو وجہ بتاتے ہوئے دوسرے مرحلے کو مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔ واضح رہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فارن فنڈنگ کیس کی کھلی سماعت

دوسری جانب الیکشن کمیشن حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت 4 جنوری کو کرے گا۔ ای سی پی نے پی ٹی آئی کے جی ایم (فنانس) محمد ارشد اور پارٹی کے وکیل شاہ خاور کے علاوہ درخواست گزار اکبر ایس بابر اور ان کے وکیل احمد حسن شاہ کو بھی نوٹس جاری کر دیے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈز کے آڈٹ کے لیے مارچ 2019 میں تشکیل دی گئی ای سی پی کی اسکروٹنی کمیٹی نے بالآخر 26 نومبر کو کمیشن کو دی گئی آخری ڈیڈ لائن کے تقریباً چھ ماہ بعد اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.