Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان

مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے سول آرمڈ فورسز سے مدد طلب

مری،گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ مری، گلیات اور آزاد کشمیر میں برفانی طوفان کے بعد محکمہ موسمیات نے 50 سے 90 کلو میٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ انتظامیہ نے کسی بھی صورتحال سے بچنے کے لیے شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہےکہ مری سے باہر موجود شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مری کا رُخ نہ کریں۔ اس کے علاوہ برفانی طوفان سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے پاس کھانے پینے کی اشیا نہ ہونے کے برابر ہیں اور دواؤں کی قلت کا بھی سامنا ہے ۔

مری میں کئی گھنٹوں سے پھنسے ہزاروں سیاحوں کو نکالنے کے لیے سول آرمڈ فورسز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں بتایا کہ شدید ٹھنڈ اور برفباری کے باوجود لوگ بڑی تعداد میں مری اور گلیات آ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک بحال کرنے کی کوشش میں لگے رہے لیکن عوام کی اتنی بڑی تعداد ہے کہ پچھلے 12 گھنٹوں میں راستہ کھولنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کر رہے ہیں اور مری کے مقامی افراد سے بھی اپیل ہے کہ سخت سردی میں گاڑیوں میں پھنسے لوگوں کو کمبل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کریں، امید ہے کہ آج رات تک راستے کلیئر کروا لیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.