Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کراچی:این اے240میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کراچی (نعمت زادہ) این اے240میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
لانڈھی نمبر6میں دوسیاسی جماعتوں میں تصادم کا واقعہ پیش آیا۔ مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات بھی سامنے آئے۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔
پولنگ کے دوران گورنمنٹ بوائزپرائمری اسکول انصاری محلہ یوسی 2لانڈھی میں دو سیاسی جماعتوں میں تصادم ہوگیا۔ سیاسی جماعت کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ جھگڑے کے باعث متعدد سیاسی کارکن زخمی ہوگئے۔
جناح ہسپتال انتظامیہ کے مطابق4زخمی لائے گئے تھے۔ جن میں سے ایک زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت 60سال کے سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
رہنما پی ایس اپی انیس قائم خانی کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی۔ انیس قائم خانی فائرنگ کے وقت گاڑی میں موجود نہ تھے۔ انیس قائم خانی کا کہنا ہے کہ سابق ایم پی اے افتخار عالم کو بھی گولی لگی ہے۔
رہنما ٹی ایل پی مفتی غلام غوث بغدادی کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت کے کئی کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ وہ کرتے ہیں جن کو شکست نظر آرہی ہو۔ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی موجودگی میں یہ سب کام ہوا۔ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی تاثر دینا چاہ رہے ہیں کہ ان سے بڑا بدمعاش کون ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ۔ جب کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے240میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری تھی۔
حلقے کے کل309پولنگ اسٹیشنز میں سے203انتہائی حساس قرار دیے گئے تھے۔ جہاں پولنگ اسٹیشنز سمیت بوتھس پر بھی کیمرے نصب کیے گئے تھے۔
حلقہ این اے240کی یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے اقبال محمد علی خان کے انتقال سے خالی ہوئی تھی۔ این اے 240میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.