Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہوا، جشن منانا قبل از وقت ہے، حنا ربانی کھر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ اس معاملے پر جشن منانا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ ابھی تو گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل شروع ہواہے۔ ایف اے ٹی ایف نے بیک وقت 2ایکشن پلان دئیے۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گرد کارروائیوں میں مالی معاونت کو روکا۔ مشکل وقت میں ہم نے ایک قوم بن کر کام کیا۔ ہم جانتے ہیں گرے لسٹ سے نکلنا کتنا مشکل کام ہے۔ امید ہے پاکستان ہمیشہ کیلئے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکل جائیگا۔

حنا ربانی کھر کا مزید کہنا تھا کہ مشاورت کے بعد فیٹف ٹیم جلد پاکستان آئے گی۔یہ اختتام نہیں آغازہے۔ ہم اپنی کوشش نہیں چھوڑیں گے۔ ہم چاہتے ہیں فیٹف غیرجانبدار رہے۔ خوشی ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو کلیئر کر دیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے اپنے اجلاس میں پاکستانی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس حوالے سے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لاؤنڈرنگ روکنے کیلئے اقدامات پر عمل میں سرفہرست تھے۔ پاکستا ن کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کی کوششوں کو تسلیم کر لیا گیا۔

وزیر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ فیٹف نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لاؤنڈرنگ روکنے کیلئے محنت کی۔ فیٹف نے کہا کہ پاکستان نے شرائط مکمل کرنے کیلئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی گئی۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کامزید جائزہ لے گی۔ اس میں شک نہیں کہ فیٹف کی شرائط مشکل تھیں۔ امید ہے اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکلنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں ہم ایف اے ٹی ایف حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیٹف اجلاس کے دوران سائیڈ لائن پر مختلف رہنماں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں مگر ریاست نے جو کام کیا وہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان دیگر ممالک کیلئے بھی ماڈل ملک بنے گا۔ پہلے ایکشن پلان کی تکمیل میں وقت لگا مگر دوسرا جلد مکمل کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.