راولپنڈی( عمر سیالوی) معروف کامیڈین مسعود خواجہ جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا اور ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
مسعود خواجہ نے کے ٹو ٹیلی ویژن کے مختلف پروگرامز میں میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دیئے۔ مسعود خواجہ کے ٹو ٹیلی ویژن کے پروگرام ” دو میل” کے بھی میزبان رہے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے معروف اینکر پرسن ناصر راجہ کے ساتھ کے ٹو ٹیلی ویژن کی سکرین پر راجہ تے خواجہ پروگرام بھی کیا۔
مسعود خواجہ نے سٹیج ڈراموں سے شہرت حاصل کی اور متعدد ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ کامیڈین اداکار مسعود خواجہ عرف گوگا نے راولپنڈی میں جنم لیا۔ گیارہ بہن بھائیوں میں مسعود خواجہ سب سے چھوٹے تھے۔ راولپنڈی کے نیو کیپیٹل اسکول سے پرائمری اور میٹرک تک تعلیم مکمل کرنے کے بعد سپورٹس بیس پر کالج میں داخلہ مل گیا۔انہوں نے بی اے تک تعلیم حاصل کی ۔ دوران تعلیم ہی اپنے بھائیوں اداکار تنویر خواجہ اور سلیم خواجہ کو دیکھ کر اداکاری کی دنیا میں داخل ہوئے۔ راولپنڈی کے لیاقت ہال تھیٹر سے فن اداکاری کا آغاز کیا۔
مسعود خواجہ گزشتہ کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ وہ راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ انہوں نے متعدد بار حکومت سے علاج معالجے کیلئے اپیل بھی کی تھی ۔
مسعود خواجہ کے انتقال کے بعد ان کے مداح رنجیدہ ہیں ۔ مسعود خواجہ کا بیٹا بیرون مقیم ہے ۔ اس وجہ سے ان کی نماز جنازہ ادا نہیں کی جاسکی ۔