چھ ماہ گزر جانے کے باوجود کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی فعال نہ ہوسکی
سوات(حضرت خان) چھ ماہ گزر جانے کے باوجود کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی فعال نہ ہوسکی ۔ اتھارٹی کی جانب سے تاحال کوئی سرگرمی سامنے نہیں آئی ۔
ذرائع کے مطابق کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے دفاتر قائم کرنے میں ناکامی کا سامناہے ۔ اتھارٹی کے پہلے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری تو کردی گئی ہے۔ تاہم ڈائریکٹر نے چارج لینے سے انکارکردیا ہے ۔
کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے سٹاف بھی تعینات نہیں ہوسکا۔ کمراٹ میں دفاتر کا قیام کا مسئلہ بنیادی وجہ ہے کہ اتھارٹی اپنا کام شروع نہیں کرسکی ۔ اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد سیاحتی مقام کمراٹ دیر کو ترقی دینا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو فعال بنانے میں ایک سال کا عرصہ لگے گا۔ اتھارٹی کے سربراہ بننے کیلئے سرکاری افسران بھی کترانے لگے ہیں۔
کمراٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں ڈی جی کے علاہ دیگر عہدوں پر تعیناتیاں بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ دیر کے سیاحتی مقام کمراٹ کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے سمیت مختلف پراجیکٹس ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری اتھارٹی کو تفویض کی گئی ہیں ۔