Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

بلوچستان میں شدید بارشیں، پہاڑی ندیوں میں نچلے درجے کا سیلاب

بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث  پہاڑی ندیوں میں نچلے درجے کا سیلاب  آگیا۔ رپورٹس کے مطابق بارشوں کی وجہ سے کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے اور آبشاروں سے شاہراہ متاثر ہوگئی جبکہ ژوب ڈی آئی خان زیر تعمیر سی پیک روٹ کے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے ٹریفک کی روانگی میں مشکلات پیش آئیں۔

بارش سے وڈھ میں قومی شاہراہ پر پھنسے سیکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اطلاعات کے مطابق مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل، جنہیں خوراک کی بھی قلت کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب چترال میں برساتی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچادی ہے، 10 سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ کئی جگہوں پر رابطہ پل بھی بہہ گئے ۔

رپورٹس کے مطابق اپر کوہستان میں تیز بارش سے برساتی نالوں مِں طغیانی آگئی  اور پانی داسو ڈیم کے رہائشی کیمپوں میں داخل  ہوگیا جبکہ تحصیل کندیا میں بھی کئی گھروں کی دیواریں، چھتیں اور شیلٹر گر گئے۔  محکمہ موسمیات نے منگل تک بلوچستان کے 15 اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 100 ہو گئی ہے جبکہ 6 ہزارسے زائد مکانات اور املاک کونقصان پہنچا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.