Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو گھر سے اٹھا لیا گیا، عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو گھر سے اٹھا لیا گیا، مہذب معاشروں میں ایسا نہیں ہوتا، انصاف کے بغیر ملک کا آگے بڑھنا ناممکن ہے، ہم جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے قانو ن کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں، 13 اگست کو بتائیں گے حقیقی آزادی کیا ہوتی ہے؟۔

اسلام آباد میں اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی ﷺ پوری دنیا کے لیے رحمت اللعالمین ہیں، مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی اسلامی فلاحی ریاست تھی، ہمارے نبی ﷺ نے تمام مذاہب کے لوگوں سے میثاق مدینہ سائن کیا تھا، دنیا دیکھی ہے رنگ و نسل، دین کی بنیاد پرنفرت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، اللہ کا فرمان ہے دین اسلام میں کوئی زبردستی نہیں، ہمارے دین میں سب انسان برابر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام میں کسی قسم کی کوئی زبردستی نہیں، زبردستی لڑکیوں کو مسلمان کرنے کی مخالفت کریں گے، انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے جانوروں کے معاشرے میں نہیں، 26 سال پہلے پارٹی کا نام تحریک انصاف رکھا تھا، ملک میں انصاف ہوگا تو تب ہی ملک آگے بڑھے گا، مدینہ کی ریاست میں مثالی انصاف کا نظام تھا، مدینہ کے مثالی نظام کی وجہ سے جو مسلمان نہیں تھے وہ بھی حصہ بننا چاہتے تھے، ہماری جنگ انصاف لینے کے لیے ہے، ہماری جدوجہد ایک چھوٹے سے ٹولے کے خلاف ہے، ایک چھوٹا سا ٹولہ چوری کرتا ہے اور کہتا ہے این آر او دو، یہ اربوں کی چوری معاف کرا لیتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ انصاف کا مطلب ہے کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون، حقیقی آزادی تب ملتی ہے جب انصاف کا نظام لوگوں کو آزاد کردے، آج ہماری جنگ انصاف لینے کے لیے ہے، عماد یوسف کو رات 2 بجے گھر سے اٹھایا گیا، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوتا، شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کو گھرسے اٹھا لیا گیا، چھوٹی بچی روتی رہی، ہماری جدوجہد جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے خلاف ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لاہور میں قوم کو حقیقی آزادی بارے بتائیں گے اور آزادی کا جشن منائیں گے، جلسے میں قوم کو بتائیں گے حقیقی آزادی لیتے کیسے ہیں، اقلیتوں کے حقوق کی بھی ہم حفاظت کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.