Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

کوئٹہ:دہشت گردوں اورسی ٹی ڈی کےدرمیان فائرنگ کاتبادلہ،4ملزمان ہلاک

کوئٹہ میں سی ٹی ڈی نے منشیات کے کاروبار سے وابستہ دہشت گرد تنظیم کے 4 ملزمان کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق سی ٹی ڈی کوخفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے دہشت گرد ہیروئن کی کھیپ ٹرک میں چھپا کر قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان سے کراچی اسمگل کرنا چاہتے ہیں۔ دہشت گرد ہیروئین کی اسمگلنگ سے شدت پسند تنظیموں کی مالی معاونت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔

ترجمان کے مطبق اس اطلاع پرکوئٹہ کے پولیس تھانہ شالکوٹ کےعلاقے گلزار آباد کے قریب سی ٹی ڈی نے سڑک پر ناکہ لگایا۔ ترجمان نے بتایا کہ چیکنگ کے دوران مشتبہ ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن اس میں سوار نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔اس دوران دہشت گردوں نے جنوب کی جانب پہاڑوں کی طرف بھاگنے کی کوشش کی تاہم ان کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جن سے 27 کلوگرام ہیروئین اور 4 نائن ایم ایم پستول برآمد کرلئے گئے۔دہشت گردوں سے برآمد منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت کروڑوں میں بتائی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ سی ٹی ڈی بلوچستان کے ڈی آئی جی اعتزاز احمد گورائیہ نے گزشتہ دنوں انکشاف کیا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں منشیات کے کاروبار سے فنڈز جمع کرکے انہیں دہشت گرد منصوبوں کی مالی اعانت کےلئے استعمال کرتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.