مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں، آپریشن کی خبریں بے بنیاد ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کی بریت کے خلاف مذہبی جماعتوں کے احتجاج اور ہڑتال کی کال کے بعد آپریشن کی خبریں رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں حالات کنٹرول میں ہیں، حکومت عوام کی زندگی اور آزادی کی ضامن ہے، مظاہرین کے خلاف آپریشن کی سوشل میڈیا پر خبریں غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تشدد کی راہ نہیں اپنانا چاہتی اور اسی سلسلے میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری آج بھی مظاہرین کی قیادت سے مذاکرات کریں گے۔

اس سے قبل فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور ریاست کے صبر کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے، آئین اور قانون کی مکمل عملداری ہی عوام کا مفاد ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جا رہا ہے اور چین کے اہم دورے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ناکام ہوگی۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا تھا کہ آج کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور گجرانوالہ میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے مغرب تک معطل رہے گی۔

Comments (0)
Add Comment