سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے

سابق وزیراعظم کو رواں سال مئی میں بھی کورونا ہوا تھا

سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے۔ گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم کو طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( اے ایف آئی سی) میں داخل کیاگیا تھا جہاں انہیں طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم اب میر ظفراللہ خان جمالی دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کو رواں سال مئی میں بھی کورونا ہوا تھا، اس کے علاوہ وہ گردوں کی بیماری اور عارضہ قلب میں بھی مبتلا تھے۔ ظفر اللہ جمالی کو ان کے آبائی علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں سپرد خاک کیا جائیگا۔

سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ضلع نصیرآبادکےعلاقے روجھان کے سیاسی خانوادے سے تھا۔ میر ظفر اللہ جمالی نے سیاسی کیریئرکا آغاز 1970 میں کیا اور پہلی بار 1970 کے الیکشن میں حصہ لیا۔ میرظفراللہ جمالی وزیراعلیٰ، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان بھی رہے۔ وہ  دو بار سینیٹ کے رکن بھی رہے۔ میر ظفراللہ خان جمالی ملک کے 15 ویں وزیراعظم رہے ہیں، وہ 23 نومبر 2002 سے 26 جون 2004 تک وزیراعظم رہے۔

Mir Zafar Ullah Khan Jamali
Comments (0)
Add Comment