شمالی وزیرستان میں دھماکے سے تین سیکیورٹی اہلکار زخمی، علاج کیلئے ہسپتال منتقل

میران شاه: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر بم دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

مقامی ذرائع نے سیکیورٹی فورسز کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ رزمک سب ڈویژن کی تحصیل دوسلی کے علاقے گڑیوم میں اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی اہلکار معمول کی گشت میں مصروف تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکہ پہلے سے نصب شدہ دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا، دھماکے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو علاج کیلئے دوسلی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

زخمی اہلکاروں کی شناخت سپاہی قاسم، سپاہی امجد اور سپاہی ظہیر کے نام سے ہوئی ہے۔

قبل ازیں، آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں بتایا کہ قبائلی ضلع مہمند میں پاکستان آرمی کے کپتان بارودی سرنگ ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوگئے جبکہ ایک سپاہی زخمی بھی ہوا ہے۔

Comments (0)
Add Comment