ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ

ہفتے کی چھٹی ختم، سردی کی چھٹیاں نہ دینے کا فیصلہ

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ 7 ستمبر کو ہوگا، اگر کورونا کی صورتحال بہتر رہی تو شیڈول کے مطابق اسکول کھلیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھلنے کے بعد کورونا سے متعلق اساتذہ کا اہم کردار ہوگا، اساتذہ کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کرنا ہوگا، جب کہ اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے جس سے صورتحال کا پتا چلے گا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھاکہ کورونا کی صورتحال بہتر ہے لیکن یہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی، تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے کورونا کا پھیلاؤ روک لیا گیا ، اگر احتیاط نہیں کریں گے تو کورونا وائرس دوبارہ سر اٹھا سکتا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کومرحلہ وار کھولا جائے گا، مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے سے کورونا کے اثرات کا بھی پتا چلے گا، طلبہ کی تعداد کو کم کر کے کلاسز لی جائیں گی، اگر ایک کلاس میں 40 بچے ہیں تو انہیں 20،20 کے گروپ میں پڑھایا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ضروری نہیں کہ سرجیکل ماسک پہنا جائے ،فیبرک ماسک بھی پہنا جاسکتا ہے اور یہ ماسک گھر پر تیار کیا جاسکتا ہے جسے دھو کر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے، جو بچے بیمار ہیں وہ پہلے مرحلے میں اسکول نہ  آئیں۔

دوسری جانب وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کی وجہ سے ہونے والے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ہفتے کی چھٹی ختم اور موسم سرما کی تعطیلات نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

 وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتہ کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور رواں سال تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات بھی نہیں ہوں گی۔

وزارت تعلیم نے وفاقی نظامت تعلیمات کو اس حوالے سے مراسلہ جاری کردیا ہے  جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں ہفتے کو اسپیشل کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment