ملک بھر کی جیلوں میں بند قیدیوں کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا گیا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 65 سال سے زائد عمر کے بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ‘وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے ایسے غریب اور بیمار قیدی جو کسی گھناؤنے جرم کے مرتکب نہیں، ان کو رہا کرنے کی پالیسی بنائی جائے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘یہ ایک اور قدم ہے ایک ایسے پاکستان کی طرف جس میں حکومت کی اولین ترجیح ملک کا کمزور طبقہ ہے نہ کے طاقتور اور دولتمند افراد۔۔

دو روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے کے بعد اپنے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے ہمراہ لندن پہنچے تھے۔ ان کے بیرون ملک جانے کے بعد مختلف طبقات کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آرہا تھا کہ جب حکومت ایک سزا یافتہ مجرم کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے سکتی ہے تو جیل میں دیگر بیمار قیدیوں کو بھی ان کی مرضی کے مطابق علاج کی اجازت دی جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملک بھر کی جیلوں میں قید بیمار قیدیوں کی سزا معاف کرنے کی درخواست کر رکھی ہے۔

انہوں نے صدر کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا تھا کہ ایک مجرم ملک سے باہر جاسکتا ہے تو باقی غریبوں کو بھی معاف کیا جائے اور پاکستانی جیلوں میں قید بیماروں کی سزا معاف کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment