مولانا سمیع الحق کا دن دہاڑے قتل اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،سراج الحق

حکومت قتل کے پس پردہ محرکات کو جلد از جلد سامنے لائے اور قاتلوں کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ،امیر جماعت اسلامی

پشاور۔جماعت اسلامی پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں اکوڑہ خٹک میں مولانا سمیع الحق شہید کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

وفد میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ،نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،جمعیت اتحاد العلماء پاکستان کے صدر مولانا عبدالمالک اور دیگررہنما شامل تھے ۔ نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مولانا سمیع الحق کے دن دہاڑے بہیمانہ قتل نے ثابت کردیاہے کہ ملک میں اب بھی سیکورٹی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔

وفاقی دارالحکومت جس کے محفوظ شہر ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں اس میں دن کی روشنی میں ایک جید عالم دین کو شہید کردیا گیا جبکہ ابھی تک قاتلوں کا سراغ نہیں مل سکا ۔ مولانا سمیع الحق نے ہمیشہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی بات کی ۔ ہم غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

حکومت کی ذمہ داری ہےکہ وہ جلد ازجلد قاتلوں کوگرفتارکرے۔دن کی روشنی میں ہونےوالےقتل کےمجرم چھپ نہیں سکتے۔سینیٹرسراج الحق نےکہاکہ مولاناسمیع الحق جیسی قد آورشخصیت کادن دہاڑے قتل حکومت اور سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے۔

اب حکومت کافرض ہےکہ وہ اس قتل کےپس پردہ محرکات کوجلد ازجلد سامنےلائےاورقاتلوں کوگرفتارکرکےانہیں قرارواقعی سزادی جائے۔

انہوں نےکہاکہ مولانا سمیع الحق غلبہ دین کی کوششوں میں ہمیشہ صف او ل میں رہےان کی شہادت سے ملک میں نفاذ اسلام کی کوششوں کو شدید دھچکا لگاہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا سمیع الحق کے قتل سےملک وقوم ایک مدبر سیاستدان اورجید عالم دین سےمحروم ہوگئےہیں۔مولانا کا قتل گہری سازش کا شاخسانہ ہے۔

سینیٹرسراج الحق نےمولاناسمیع الحق کےبیٹےحامدالحق اورخاندان کےدیگرافرادسےاظہار تعزیت کرتےہوئےکہاکہ جماعت اسلامی سوگوارخاندان اورجمعیت العلمائےاسلام کے کارکنوں کےغم میں برابرکی شریک ہے۔

انہوں نےمولانا سمیع الحق مرحوم کے درجات کی بلندی اور خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment